مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 2 کشمیری شہید

سری نگر(دیس پردیس نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سری نگر کے علاقے نور باغ میں محاصرے کے دوران محمد یعقوب ملک نامی شخص کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں یعقوب ملک کا جواں سال بیٹا سلیم ملک شہید ہوگیا۔

سلیم ملک کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے بھارتی حکومت اور قابض فوج کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا، پولیس اور فوجی اہلکاروں نے عوام کے جذبات کو دبانے کے لیے روایتی انداز میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور نماز جنازہ میں شریک افراد پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

دوسری جانب ضلع اسلام آباد کے علاقے دلوچ دورو میں بھی قابض فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر ایک نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے سری نگر میں احتجاج کو روکنے کے لیے کرفیو نافذ کردیا ہے جب کہ وادی کے علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں